کینیڈین شہری نے گرم کافی سے بلیوں کی جان بچا لی

Last Updated On 28 January,2020 11:31 am

البرٹا: (روزنامہ دنیا) کینیڈا میں ایک شہری نے برف میں پھنسی بلیوں کو نکالنے کے لیے گرما گرم کافی کا انوکھا طریقہ استعمال کیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق البرٹا میں ایک شخص نے جب برف میں پھنسی تین چھوٹی بلیوں کو دیکھا تو انہوں نے ان کی مدد کرنے کا سوچا۔ کینڈل نے دیکھا کہ تینوں بلیوں کی دُمیں برف میں پھنس گئی ہیں جسے انہوں نے کھینچ کر نکالنے کی انتھک کوشش کی مگر وہ ناکام رہے۔

بعدازاں کینڈل کو بلیوں کی مدد کیلئے انوکھا طریقہ سوجھا اور انہوں نے بلی کی دموں کو برف سے نکالنے کے لیے گرما گرم کافی کا استعمال کیا۔ انہوں نے برف میں جمی دموں پر گرما گرم کافی ڈالی، ایک بلی کی دُم فوراً برف سے علیحدہ ہو گئی جب کہ باقی دو بلیوں کی دم پر مزید گرما گرم کافی ڈالنی پڑی۔ کافی ڈالنے کے بعد برف تو پگھلی ہی بلی کے بچے اسے پیتے بھی رہے۔