ٹریفک حادثے نے پولش شخص کی بینائی لوٹا دی، ڈاکٹر حیران

Last Updated On 13 February,2020 01:14 pm

وارسا: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں اکثر حادثات خوفناک ہوتے ہیں جو زندگی بھر اعصاب پر سوار ہوتے ہیں، دنیا بھر کی حکومتیں حادثات سے بچنے کے لیے مختلف طریقے اپناتی ہیں، تاہم ایک حیران کن خبر پولینڈ سے آئی ہے جہاں پر ایک حادثہ نے دو دہائیوں قبل ایک آنکھ سے نابینا ہونے والا شخص کی بینائی لوٹا دی، بینائی کا سن کر ڈاکٹر بھی حیران رہ گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولینڈ کے شہر گورزو میں ایک شخص کے لیے حادثہ معجزہ ثابت ہوا۔ جینس گوراج نامی شخص 20 سال سے اپنی بائیں آنکھ کی بینائی سے مکمل طور پر محروم تھے اور وہ صرف اپنی دائیں آنکھ سے ہی دیکھ سکتے تھے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق گوراج 20 سال قبل شدید الرجی کے اثرات کے باعث اپنی بائیں آنکھ کی بینائی کھو چکے تھے لیکن 2018ء میں ان کے ساتھ ایک ایسا حادثہ پیش آیا جو ان کے لیے خوش قسمتی سے ایک معجزہ ثابت ہوا۔

جینس کا کہنا ہے کہ وہ سڑک پار کر رہے تھے تو اچانک انہیں ایک گاڑی نے ٹکر ماردی جس کے باعث ان کے سر اور کمر میں چوٹیں آئیں اور پھر ان کی ایک سرجری بھی ہوئی۔

ان چوٹوں کے علاوہ حادثہ ان کے لیے معجزے کا باعث اس لیے بنا کیونکہ حادثے کے بعد کچھ روز ہسپتال میں گزارنے اور سرجری کے بعد ایک دن جب انہوں نے اپنی آنکھ کھولی تو وہ حیران رہ گئے، انہیں ہر چیز صاف اور شفاف نظر آرہی تھی جس کے بعد انہوں نے اس بارے میں ڈاکٹر کو بھی بتایا مگر ڈاکٹر اس کی وجہ بیان نہیں کر پارہے تھے۔

انڈیپینڈنٹ پبلک پروونشیل ہسپتال کے ترجمان کا کہنا تھا کہ متاثرہ شخص کی بینائی 2 ہفتوں میں واپس آئی ہے، ہمیں نہیں معلوم کے ایسا کیسے ہوا ہے، ہوسکتا ہے کہ ہم ان کو اس وقت جو دوائیاں دے رہے تھے یہ اس کی وجہ سے ہوا ہو۔

متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ وہ اب ہر چیز کو صحیح سے دیکھ سکتا ہے جس سے اس کی زندگی بدل گئی ہے۔