ہزاروں کلومیٹر طویل سفر کر کے آنیوالے مہمان پرندوں کی واپسی

Last Updated On 14 February,2020 10:22 am

لاہور: (دنیا نیوز) سائبریا سے آئے مہاجر پرندے واپسی کے لیے اڑان بھرنے لگے۔ اپنی بقا کی خاطر ہزاروں کلومیٹر طویل سفر کرنے والے ان مہمان پرندے شدید سردی سے بچنے کیلئے پاکستان آتے ہیں۔

سردی کی شدت اور خوراک کی کمی سے بچاؤ کے لیے 4 ہزار کلو میٹر کا سفر، سائبریا سے ہجرت کر کے پاکستان آئے، بدیسی پرندوں کی واپسی شروع ہو گئی۔ ہر سال اگست میں آنے والے پرندے اب واپس سائبریا کے لیے اڑان بھر رہے ہیں۔

بطخ، گیز اور کرین جیسے غیرملکی پرندے طویل فاصلہ طے کر کے پاکستان پہنچتے ہیں۔ یہ دلکش پرندے، پنجاب اور سندھ کی آبی گذر گاہوں، ندی نالوں اور جھیلوں میں بسیرا کرتے ہیں۔

اعزازی گیم وارڈن پنجاب بدر منیر نے بتایا کہ ان پرندوں کی آمد کا موسم اگست سے ستمبر تک جاری رہتا ہے، فروری اور مارچ کے درمیان واپسی کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔

اعزازی گیم وارڈن پنجاب کہتے ہیں کہ گذشتہ 4 برسوں میں ان مہاجر پرندوں کی آمد کی تعداد میں کمی آئی ہے، بدر منیر نے مزید بتایا کہ محکمہ جنگلی حیات رواں سال پرندوں کی آمد و روانگی بارے مربوط اعدادوشمار اکٹھے کرے گا۔