شوہر کی بیوی سے انسانی ہاتھ پکانے کی فرمائش

Last Updated On 20 March,2020 07:11 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کچھ ایسی دلچسپ خبریں پڑھنے کو ملتی ہیں جن پر فوری طور پر یقین کرنا مشکل ہو جاتا ہے، اسی طرح کی ایک خبر بھارت سے آئی ہے جہاں پر شوہر کی عجیب و غریب حرکت نے سب کو تشویش میں مبتلا کردیا کیونکہ اسں نے کھانے میں اپنی بیوی سے انسانی ہاتھ پکانے کی فرمائش کی تھی۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست اتر پردیش کے گاؤں میں 32 سالہ سنجے گھر میں انسانی ہاتھ لے آیا اور اس نے رات کے کھانے میں اپنی بیوی سے انسانی ہاتھ پکانے کی فرمائش کی۔

سنجے کی اہلیہ نے جیسے ہی انسانی ہاتھ دیکھا تو اس کی حالت غیر ہوگئی اور وہ بے ہوش ہوگئی۔ خوف کے باعث بے ہوش ہونے والی خاتون کو جیسے ہی ہوش آیا تو اس کا شوہر خود ہی کھانے میں انسانی ہاتھ بنا رہا تھا۔

خاتون فوراً گھر سے بھاگی اور اس نے گھر کے اندر ہی اپنے شوہر کو بند کردیا اور واقعے کے حوالے سے پولیس کو اطلاع کی۔

پولیس کے مطابق جیسے ہی اس شخص کے گھر پر چھاپہ مارا گیا تو وہاں سے انسانی گوشت برآمد کیا گیا۔ مذکورہ شخص یہ گوشت اس مقام سے لایا تھا جہاں میتوں کو جلایا جاتا ہے۔

پولیس کا بتانا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق خاتون کا شوہر اس وقت نشے میں تھا اور اس کا دماغی توازن بھی درست نہیں۔