بادل کی تصویر سے ایٹمی دھماکے کی افواہ پھیل گئی

Last Updated On 25 June,2020 10:48 am

کیو: (روزنامہ دنیا) یوکرین میں چند روز قبل دکھائی دینے والے ایک عجیب و غریب بادل کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جسے اکثر لوگوں نے ایٹمی دھماکے کی وجہ سے بننے والا ‘کھمبی جیسا دیوقامت بادل قرار دیا لیکن ایسا بالکل بھی نہیں تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ بادل یوکرین کے دارالحکومت کیو میں دیکھا گیا جو 1986 میں ایٹمی بجلی گھر کی تباہی سے مشہور ہونے والے مقام ‘چرنوبل’ سے صرف 60 میل دور ہے۔

چرنوبل سے قربت اور ماضی کی یادوں نے یوکرین میں سوشل میڈیا صارفین کو بوکھلاہٹ میں مبتلا کردیا اور وہ اس بے ضرر سے قدرتی بادل کو روس کی جانب سے ‘نیا ایٹمی دھماکہ’ قرار دینے لگے۔

کچھ ہی دیر بعد موسمیاتی ماہرین نے وضاحت کی کہ ایسا کچھ بھی نہیں بلکہ یہ بارش برسانے والا ایک خاص طرح کا بادل ہے لہذا ڈرنے کی کوئی بات نہیں۔