ریوڈی جنیرو: (روزنامہ دنیا) برازیل میں 3 سالہ بچے نے اپنے کمسن دوست کو سوئمنگ پول میں ڈوبنے سے بچا لیا، حیرت انگیز واقعہ ایٹ پرونا شہر میں پیش آیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق برازیل میں ایک 3 سالہ بچہ ہیرو بن گیا جب اس کی والدہ نے ایک ناقابل یقین ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کر دی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچہ سوئمنگ پول سے ٹیوب اٹھانے کی کوشش کرتا ہے تو توازن برقرار نہ رکھتے ہوئے گر جاتا ہے، ایسے میں تین سالہ آرتھر ادھر ادھر دیکھتا ہے جب کوئی نظر نہیں آتا تو وہ خود ہی اپنی دوست کی جان بچانے کے لئے ہاتھ بڑھاتا ہے اور اس کو اوپر کھینچ لیتا ہے۔
3 سالہ دوست کی جان بچانے پر آرتھر کی والدہ کی فخر کی انتہا نہ رہی، انہوں نے دیگر والدین کو سوئمنگ پول کے قریب چھوٹے بچوں کو اکیلے نہ چھوڑنے کی تاکید کیلئے ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی شیئر کر دی۔ علاقے کی پولیس تک ویڈیو پہنچی تو انہوں نے ننھے ہیرو کو سرٹیفیکیٹ اور تحفہ بھی دیا۔