لاہور: (ویب ڈیسک) ایکواڈور کے 110 سالہ جولیو مورا اور ان کی 104 سالہ اہلیہ والڈر مینا کیوٹیروز کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے دنیا کا معمر ترین جوڑا قرار دے دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں طلاق کی شرح میں خوفناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، دستیاب اعداد و شمار کے مطابق بیلجئم میں 2016 میں طلاق کی شرح 53 فیصد سے زائد رہی، سپین میں 56.76 فیصد اور سویڈن میں 44.44 فیصد رہی۔ جنوبی کوریا جو یورپ کے برعکس ایشیا میں واقع ہے وہاں بھی طلاق کی شرح گزشتہ برس 46.81 فیصد تک پہنچ گئی۔ کم و بیش یہی صورتحال دنیا کے اکثر ممالک میں ہے جہاں طلاق کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے، اس صورتحال میں ایکواڈور کا جوڑا قابل رشک نظر آتا ہے جنہوں نے 79 سال اکٹھے گزار دیئے اور ابھی بھی ان کے پیار میں کوئی کمی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق اس جوڑے کی مجموعی عمر 214 برس ہے جو آج کل کے جوڑوں کے مقابلے انتہائی قابل رشک ہے۔ ان کی صحت بھی کافی بہتر اور آپس میں پیار و محبت بھی اتنا ہے کہ دونوں ایک دوسرے کے پیار میں ڈوبے نظر آتے ہیں۔