لاہور: (خصوصی ایڈیشن) جب سے انسانی شعور نے ترقی کی ہے اسے چاند کے ساتھ دوستی ہمیشہ عزیز رہی ہے۔ چاند جو کہ ہماری زمین سے سورج کے بعد سب سے زیادہ روشن نظر آتا ہے۔
بچو! کیا آپ جانتے ہیں کہ چاند کے بعد سب سے روشن ستارہ ’’زہرہ‘‘ ہے جسے زمین سے دیکھا جا سکتا ہے۔ چاند کا زمین سے فاصلہ 3 لاکھ 84 ہزار 00 کلومیٹر ہے۔جو کہ نظامِ شمسی کے باقی سیاروں کے مقابلے میں زمین سے قریب تر تسلیم کیا جاتا ہے۔
ماضی میں لوگ چاند اور ستاروں سے اپنی سمت معلوم کرنے کا کام بھی لیا کرتے تھے۔ چاند کی جسامت زمین کے مقابلے میں 27 فیصد ہے۔ یہ زمین کے گرد اپنا ایک چکر تقریباً 27.3 دن میں مکمل کر لیتا ہے۔
سورج سے روشنی لے کر بظاہر روشن نظر آنے والا یہ چاند ہوا اور پانی جیسے نعمتوں سے محروم ہے۔ اس کے موسم شدید گرمی میں 100 سینٹی گریڈ تک اور شدید سردی میں منفی 173 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتے ہیں۔
یہ بات بھی دلچسپی سے خالی نہیں کہ زمین کی کشش 9.8 میٹر فی مربع سیکنڈ کے مقابلے میں اس کی کشش 1.622 میٹر فی مربع سیکنڈ بنتی ہے۔
گویا کہ زمین پر 10 کلو وزن رکھنے والی چیز کا اگر چاند پر وزن کیا جائے تو وہ ڈیڑھ کلو سے کچھ زیادہ ہوگا۔ ہوا موجود نہ ہونے کے سبب چاند پر آواز کا سفر بھی ممکن نہیں ہوتا۔