لاہور: (ویب ڈیسک) تائیوان میں ایک میلے کے دوران اس وقت خطرناک صورتحال پیش آئی جب پتنگ کے ساتھ 3 سالہ بچی بھی ہوا میں اڑ گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق تائیوان کے شہر ہنچو میں سالانہ میلہ جاری تھا جس میں دیگر تفریحی سرگرمیوں کےساتھ پتنگ بازی بھی جاری تھی، بندرگاہ پر لوگوں کا جم غفیر تھا جو خوشیاں منانے میں مصروف تھا کہ اچانک چیخ و پکار کی آوازیں آنے پر لوگوں کی نظریں آسمان کی جانب اٹھیں تو انہوں نے ایک 3 سالہ بچی کو پتنگ کے ساتھ ساتھ ہوا میں بلند ہوتے دیکھا، تیز ہوا کے سبب بچی ہوا میں 100 فٹ کی بلندی تک پہنچ چکی تھی۔
اس خوفناک منظر کو دیکھ کر خواتین کی چیخیں نکل گئیں جبکہ بچی کی والدہ پر سکتہ طاری ہو گیا، نیچے اتارنے کے لئے فوری کوششیں کی گئیں اور بالآخر بچی بخیروعافیت نیچے اتر آئی جس کے چہرے پر خوف کے گہرے سائے تھے، اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بچی کو کوئی شدید جسمانی چوٹ نہ پہنچنے کی تصدیق کرتے ہوئے والدین کے حوالے کر دیا۔