لاہور: (ویب ڈیسک) سونا پہننا تو سب کے علم میں ہے لیکن اسے کھانا کم ہی لوگوں نے سنا ہو گا، اب سونے کا ذائقہ چکھنے کیلئے سینڈوچ تیار کئے گئے ہیں جنہیں گولڈن گوز کا نام دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق شکاگو میں دنیا کا سب سے مہنگا سینڈوچ بنایا جاتا ہے جس کی پاکستانی روپے میں قیمت 58 ہزار کے قریب بنتی ہے، اس کے اجزا بھی نہایت قیمتی ہیں جو بیرون ممالک سے منگوائے جاتے ہیں۔ سینڈوچ کی بریڈ کیلئے آٹا گوندھتے وقت سونے کے ذرات اس میں ملا دیئے جاتے ہیں جنہیں خصوصی طریقے سے کھانے کے قابل بنایا جاتا ہے، دلکش نظر آنے کیلئے سونے کے ورق بھی اس پر چڑھائے جاتے ہیں۔
گولڈن گوز کی ترکیب بھی لاجواب ہے، عمدہ کشمش جس کے بیج نکال کر جیم بنایا جاتا ہے اور دنیا کا نایاب ترین شہد بھی ملایا جاتا ہے، خالص مکھن مونگ پھلی سے تیار کر کے سینڈوچ کی لذت بڑھائی جاتی ہے۔
جو اس سینڈوچ کو کھانے کیلئے 58 ہزار خرچ کرے گا وہ اس کے اجزا کی قیمت بھی جان لے، خصوصی شہد جو نیوزی لینڈ سے منگوائی جاتی ہے اس کی پاو بھر قیمت 371 ڈالر ہے جبکہ سونے والی ڈبل روٹی بھی کچھ کم مہنگی نہیں، ہاں مونگ پھلی کا مکھن سستا ہے جس کی ایک پیکنگ کی قیمت صرف 5 ڈالر ہے تاہم جیم میں شامل کی گئی کشمش بھی کچھ کم قیمت نہیں جو دنیا بھر سے منگوانے کے بعد خاص مراحل سے گزارنے کے بعد استعمال کے لائق بنائی جاتی ہے۔