نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بیوی نے شوہر کو انوکھے انداز میں دھوکا دیا اور اسی کے نام کا پاسپورٹ بنواکر رفو چکر ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 36 سالہ بھارتی خاتون کے آشنا نے خاتون کے شوہر کے نام کا جعلی پاسپورٹ بنوایا جس کے بعد دونوں جنوری میں آسٹریلیا چلے گئے۔
عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث بین الاقوامی پروازوں پر پابندی عائد ہونے کی وجہ سے خاتون اپنے آشنا کے ساتھ آسٹریلیا میں ہی پھنس گئیں۔
بعدازاں خاتون کے شوہر نے پولیس کو شکایت درج کی کہ ان کی بیوی کے سندیپ سنگھ کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں جبکہ انہوں نےسندیپ سنگھ پر ان کے نام پر پاسپورٹ حاصل کرنے کے لیے جعل سازی کا الزام بھی عائد کیا۔
خاتون کے شوہر نے پولیس کو بتایا کہ وہ ممبئی میں پچھلے 20 سالوں سے کام کرتے ہیں اور ان کی بیوی ان کے فارم ہاؤس پر رہتی ہے جہاں یہ ان سے ملنے آتے رہتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: خاتون دل سینے نہیں بیگ میں لیکر گھومنے لگی
انہوں نے بتایا کہ جب میں 18 مئی کو اپنی بیوی سے ملنے گیا تو وہ وہاں نہیں تھیں اور مجھے معلوم ہوا کہ وہ دونوں آسٹریلیا گئے ہوئے ہیں۔
خاتون کے شوہر نے بتایا کہ میں نے اگست میں اپنے پاسپورٹ کے لیے درخواست دے رکھی تھی لیکن مجھے حکام نے بتایا کہ اس نام کا پاسپورٹ وہ جاری کر چکے ہیں۔
خاتون کے شوہر کو معلوم ہوا کہ سندیپ سنگھ نے جعلی دستاویزات بنوانے کے بعد ان کے نام کا جعلی پاسپورٹ حاصل کرلیا تھا۔
پولیس نے شکایت پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ایف آئی آر درج کرنے کے ساتھ ساتھ معاملے پر تفتیش کا آغاز کردیا۔