27 سال قبل ہلاک ہونیوالے شخص کے خفیہ ٹھکانے سے 18 ملین ڈالر برآمد

Published On 25 September,2020 05:00 pm

بگوٹا: (ویب ڈیسک) کولمبیا سے ایک حیران کن خبر آئی ہے جہاں پر ایک شخص ، جو 27 سال قبل ہلاک کر دیا گیا تھا، کے خفیہ ٹھکانے سے 18 ملین ڈالر کی خطیر رقم ملی ہے۔

تفصیلات کے مطابق منشیات کی دنیا میں باس کے نام سے مشہور’ڈان‘ کو پولیس نے 1993 میں ہلاک کر دیا تھا۔ ڈرگ ڈان پابلو ایسکوبار کے خفیہ ٹھکانے سے بھتیجے کو 18 ملین ڈالر کی خطیر رقم ملی ہے۔

نکولاس ایسکوبار کے مطابق خفیہ ٹھکانہ کولمبیا کے شہر میڈیلین میں پابلو کے اسی گھر کے اندر ہی واقع تھا جہاں وہ کئی برس تک مقیم رہے تھے۔ پابلو ایسکوبار کا آبائی شہر میڈیلین ہی ہے۔

پابلو ایسکوبار کے بھتیجے نکولاس کا خبر رساں ادارے کو بتانا تھا کہ انہیں ایک خواب آیا کہ گھر کے کسی حصے میں کچھ موجود ہے جس کے بعد انہوں نے تلاش کیا تو انہیں خفیہ کھوہ سے عجیب سی بو والا ایک پلاسٹک ملا۔ پرانے بینک نوٹ اس قدر بوسیدہ ہو چکے ہیں کہ وہ اب قابل استعمال نہیں رہے۔

خفیہ حصے سے رقم کے علاوہ سونا کی ایک اینٹ، وائرلیس ڈیوائسز، ٹیپ ریکارڈر، ایک ٹائپ رائٹر، پین اور ایک کیمرہ بھی ملا ہے جس کے اندر فلم بھی موجود ہے۔

پابلو ایسکوبار کے خفیہ ٹھکانوں سے متعلق افواہیں میڈیلن میں ابھی بھی گردش کر رہی ہیں۔ نکولاس ایسکوبار پابلو کے ساتھ اپنے رشتے کو فخریہ طور پر بیان کرتے ہیں۔ وہ قبل ازیں کہہ چکے ہیں کہ انہیں اب تک پابلو ایسکوبار کے متعدد خفیہ ٹھکانے مل چکے ہیں۔

ڈرگز کی دنیا میں باس کے نام سے مشہور اس  ڈان‘ کو پولیس نے 1993 میں ہلاک کر دیا تھا۔ اس وقت پابلو کے جنازے میں تقریباﹰ بیس ہزار افراد شریک ہوئے تھے اور کولمبیا میں آج بھی اس ڈرگ ڈان کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔