قاہرہ: (روزنامہ دنیا) مصری حکام نے جنوب مغربی علاقے سے صدیوں قدیم عباسی دور خلافت کے سکے اور دینار دریافت کر لئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مصری اور روسی ماہرین آثار قدیمہ جنوبی مغربی علاقے الفیوم میں بدیرالبنات کے مقام پر کھدائی کررہے تھے ،جس کے دوران انہیں کاٹن کا تھیلا ملا جس پر مٹی کی مہر ثبت تھی اور مبہم الفاظ میں غیر واضح علامتیں موجود تھیں ۔تھیلے میں 908سے 932عیسوی تک حکومت کرنیوالے عباسی خلیفہ مقتدر کے دور کے 16 دینار ملے جبکہ دو دینار خلیفہ معتصم کے دور کے ہیں جنہوں نے 833 سے 842 تک حکومت کی۔
چند ماہ قبل موجودہ اسرائیلی شہر یبنیٰ سے بھی کھدائی کے دوران عباسی دور کے سکے دریافت ہوئے تھے۔ اس شہر پر 1948 میں اسرائیل نے قبضہ کیا تھا۔ نیویارک کے میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹ کے مطابق 750 سن عیسوی سے 1258 تک مسلمان مملکت کے زیرانتظام بغداد اور سامرا جیسے شہر اسلامی فن ثقافت کے مراکز تھے جس کی وجہ سے یہاں کی کرنسی بھی مضبوط تھی۔