ہانگ کانگ میں پہلا آؤٹ ڈور پارک کھل گیا

Published On 13 November,2020 09:39 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) ہانگ کانگ میں سماجی دوری کے عین مطابق پہلا آؤٹ ڈور انٹرٹینمنٹ پارک عوام کیلئے کھول دیا گیا ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پارک کا نام  دی گراؤنڈز  ہے جس میں سماجی دوری کے اصولوں کے مطابق 5 فٹ فاصلے سے 2،2 لوگوں کیلئے سیٹیں لگائی گئی ہیں جبکہ یہاں آنیوالے لوگوں کیلئے انٹرٹینمنٹ پروگرامز، لائیو پرفارمنس اور آؤٹ ڈور سینما بھی موجود ہے۔

کورونا کے سبب سینما ہالز سمیت انٹرٹینمنٹ کے دیگر ذرائع مفقود ہو چکے ہیں حتی کہ اب آپ دوستوں کے ساتھ کسی ہوٹل میں کھانا کھانے بھی مشکل سے ہی جا سکتے ہیں تاہم عالمی وبا کے دوران یہ پارک لوگوں کو سماجی دوری پر عمل کرتے ہوئے دماغی سکون اور اپنے دوستوں کے ساتھ وقت گزارنے کا بہترین موقع فراہم کر رہا ہے۔

ہانگ کانگ کے اس آؤٹ ڈور پارک کی انتظامیہ آنے والے لوگوں کا ٹمریچر چیک کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ماسک کے استعمال سے متعلق ہدایات بھی جاری کرتی ہے ۔یاد رہے کہ اس پارک سے قبل دنیا بھر میں متعدد ریسٹورنٹس نے بھی سماجی دوری سے متعلق انتظامات کئے تھے ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں 5 کروڑ 30 لاکھ سے زائد کورونا مریض موجود ہیں جبکہ 12 لاکھ 99 ہزار سے زائد افراد موت کی اندھی وادی میں اتر چکے ہیں۔