اشک آباد: (ویب ڈیسک) ترکمانستان کے صدر نے کتوں کی اپنی پسندیدہ نسل کو سب سے بڑے اعزاز سے نوازا ہے اور اپنے دلعزیز کتے کا ایک سونے کا دیوہیکل مجسمہ بنوایا ہے!
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر قربان قلی بردی محمدوف نے منگل کو اس 19 فٹ اونچے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔ یہ مجسمہ الابائی نسل کے کتے کا ہے جسے دارالحکومت اشک آباد میں نصب کیا گیا ہے۔
ترکمانستان میں الابائی کتوں کی افزائشِ نسل کی جاتی ہے اور ان کا تعلق وسطی ایشیا کے شیپرڈ کتوں کے خاندان سے ہے۔ کتوں کو چرواہے اپنے مویشیوں کی حفاظت کے لیے پالتے ہیں۔ ترکمانستان میں یہ کتے قومی ورثے کا حصہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ترکی میں گدھوں کو بلدیاتی حکومت نے ملازمت دے دی
یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے جب ملک کے صدر نے ان کتوں کو عزت دی ہے۔ گزشتہ برس صدر نے الابائی کتوں کے نام ایک کتاب وقف کی تھی۔
کتے کا یہ جاہ و جلال والا بڑا مجسمہ اپنی جگہ لیکن ترکمانستان میں آبادی کی اکثریت غربت اور محرومی میں زندگی گزار رہی ہے۔ آزادیِ اظہار مفقود ہے اور دنیا میں آزادیِ صحافت کی فہرست میں اس ملک کا شمار شمالی کوریا سے بھی نیچے ہے۔
کتے کے اس مجسمے کو ایک رہائشی علاقے میں نصب کیا گیا ہے جہاں نوکر شاہی سے تعلق رکھنے والے زیادہ تر لوگ رہتے ہیں۔ اس مجسمے کے ساتھ ایک ایل ای ڈی سکرین بھی لگی ہوئی ہے جس میں اس نسل کے کتوں کے بارے میں دکھایا جا رہا ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اس مجسمے کی تعمیر پر کتنی لاگت آئی ہے۔
سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ مجسمہ اس نسل کے کتوں کے فخر اور خود اعتمادی کی عکاسی کرتا ہے۔ مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب کے دوران ایک لڑکے کو الابائی نسل کا ایک کتا تحفہ میں دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: افریقی بندر ڈاکٹروں کے نقش قدم پر چل پڑے
کتوں کی یہ نسل ہاتھ سے تیار ہونے والے قالین اور دوڈ میں حصہ لینے والے آہل تیکے نامی نسل کے گھوڑوں کو سرکاری سطح پر ملک کے قومی ورثے کے اثاثے قرار دیا جا چکا ہے۔
صدر قربان قلی بردی محمدوف آہل تیکے نسل کے مقامی گھوڑوں سے اپنی محبت کا اظہار کر چکے ہیں۔ یہ گھوڑے اپنی خوبصورتی اور قوتِ برداشت کی وجہ سے مشہور ہیں۔
اس سے پہلے 2015 میں اس نسل کے گھوڑے پر بیٹھے ہوئے صدر کا ایک مجسمہ نصب کیا گیا تھا۔ صدر قربان قلی بردی محمدوف کبھی کبھار دوست ممالک کے رہنماوں کو گھوڑے یا کتے کے بچے کا تحفہ دیتے ہیں۔
ان رہنماوں میں ازبکستان کے سابق صدر اور مرحوم صدر اسلام کریموف، روس کے صدر ولادیمیر پوٹن اور قطر کے امیر بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فلم بنانے کیلئے بکریاں چوری کرنیوالے دو ہیروز گرفتار
صدر قربان قلی بردی محمدوف پر ایک ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد تنقید بھی ہوئی تھی جب انہوں نے ولادیمیر پوٹن کو تحفے میں دیے جانے والے کتے کو گلے سے پکڑ کر اٹھا تھا۔