قاہرہ: (روزنامہ دنیا) مصر سے تعلق رکھنے والے ایک سکوبا ڈائیور نے پانی کے اندر 6 دن گزار کرنیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق صدام الکلیانی نے بحیرہ احمر کے پانیوں میں 145گھنٹے 30 منٹ تک وقت گزار کر یہ ریکارڈ قائم کیا۔اس سے پہلے یہ ریکارڈ 2016 میں ترکی سے تعلق رکھنے والے غوطہ خور کیم کارابائے نے قائم کیا تھا ،وہ 142 گھنٹے 47 منٹ تک زیر آب رہے تھے ۔
صدام الکلیانی نے دہب نامی قصبے کے ساحل کے قریب بحیرہ احمر میں لگ بھگ 6 دن گزارے اور 2017 میں پانی کے اندر 121 گھنٹے گزارنے کا اپنا ریکارڈ بہتر کرنے کیساتھ ساتھ ترک غوطہ خور کا عالمی ریکارڈ بھی توڑا۔صدام الکلیانی نے پانی کے اندر 150 گھنٹے تک گزارنا تھے مگر صحت کے خدشات کے حوالے سے انہیں 145 گھنٹے 30 منٹ بعد باہر آنے کا کہا گیا۔واضح رہے انہوں نے ستمبر میں اپنی منگنی بھی پانی کے اندر کی تھی۔
پانی کے اندرمنگنی یا شادی کرنے کادلچسپ رجحان اس سے قبل بھی مقبول رہا ہے جب لوگ اپنی ہونے والی شریک حیات کے ساتھ زندگی کے خوشگوار ترین لمحات ہمیشہ کیلئے یادگار بنانا چاہتے ہیں۔ان کی یہ کوشش کامیاب بھی رہتی ہے کیونکہ ایک انوکھے ماحول میں شادی کیلئے ہاں کرنا لڑکی کیلئے بھی کبھی نہ بھولنے والا احساس بن کر ہمیشہ کیلئے یادوں میں سما جاتا ہے۔