کوالا لمپور: (روزنامہ دنیا) ملائیشیا میں کورونا لاک ڈاؤن سے بیروزگار ہونے والے خاندان نے گھر میں تندوربناکر ’’پینڈیمک پیزا‘‘متعارف کرایا جو دنوں میں بے حد مشہور ہوگیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ملائیشیا کے گاؤں جیماپوہ کا ایک خاندان سکارف بنانے کا کام کرتا تھا جو کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سےبندہوگیاتاہم انہوں نے مقامی جڑی بوٹیاں، مصالحوں، گوشت اور موزریلا سمیت دیگر چیزوں کے استعمال سے حفطان صحت کے مطابق ذائقہ دار پیزا تیار کیا اور اسے ’’پینڈیمک پیزا‘‘ یعنی وبائی پیزا کا نام دیا۔
خاندان نے گھر کے صحن میں ہی ریسٹورنٹ کی طرز پر کرسیاں اور میزیں لگائیں، لوگ آنا شروع ہوئے تو گھر کے 2مزید کمروں کو بھی ریسٹورنٹ میں بدل دیا۔ اب ان کے پاس اتنے گاہک آ رہے ہیں کہ انہوں نے گھر کے افراد کے علاوہ مزید لوگوں کو ملازمت کی پیش کش کر دی۔
خاندان کے سربراہ نے بتایا کہ کام اتنا بڑھ گیا کہ ہم سے سنبھل نہیں رہا تھا اس لئے گاوں کے 20 لوگوں کو بھی کام پر رکھ لیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ روزانہ 800 کے قریب پیزا آرڈرز مل رہے ہیں۔