آندرا پردیش:(روزنامہ دنیا) بھارتی ریاست آندرا پردیش کے ضلع گنٹور کے ایک علاقے میں مسروقہ زیورات پہن کر واٹس اپ سٹیٹس پر تصویر لگانے والی گھریلو ملازمہ گرفتار کر لی گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق امود نامی شخص کے فلیٹ میں چوری کی واردات ہوئی تھی جس میں 4 طلائی چوڑیاں، ایک نیکلس، کان کی 2 بالیاں، بے بی چین اور دیگر قیمتی چیزیں اڑائی گئی تھیں۔پولیس نے مالک مکان کی شکایت پر چوری کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی۔
امود کی بیوی نے ملزمہ سنیتا کو مسروقہ ساڑھی اور زیورات پہن کر شوہر کے ساتھ لی گئی تصویر کو واٹس اپ سٹیٹس میں لگا ہوا دیکھا تو حیران رہ گئی۔اس نے فوری طور پر اس کی اطلاع اپنے شوہر کو دی، جنہوں نے پولیس کو خبردار کر دیا، پولیس نے بعد ازاں علاقے کے ایک بس سٹینڈ کے قریب سے سنیتا کو حراست میں لے لیا۔