تہران:(روزنامہ دنیا) ایران کے ایک گاؤں کا رہائشی 87 سالہ شخص پانی سے اس قدر خوفزدہ ہے کہ 6 دہائیوں سے پانی کے قریب بھی نہیں پھٹکا یعنی اس نے 60 سال سے غسل نہیں کیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس شخص کے پانی سے خوفزدہ ہونے کی وجہ یہ وہم ہے کہ اگر نہائے گا تو بیمار پڑجائے گا۔دھول مٹی سے اٹے اس شخص کا کھانا بھی نہایت کراہت آمیز ہے ، یہ مردہ جانوروں کا گوشت کھاتا ہے جبکہ کانٹوں والے چوہے کا گوشت اس کی پسندیدہ خوراک ہے ۔مقامی میڈیا کے مطابق نوجوانی میں یہ شخص جذباتی دکھوں کا شکار رہا جس کے بعد اس نے تنہائی کی زندگی اپنا لی اور تب سے اب تک یہ دنیا سے کٹا ہوا رہتا ہے ۔
لوگ اسے سخت ناپسند کرتے ہیں لہٰذا وہ ان سے دور ویران مقامات پر رہتا ہے ، جب اسے اپنے بال کاٹنے کی ضرورت پڑتی ہے تو وہ انہیں آگ سے جلا دیتا ہے ۔موسم سرما میں یہ شخص سردی سے بچنے کیلئے ایک جنگی ہیلمٹ پہنے رکھتا ہے ۔