جنگل میں مسلسل 18 روز بھٹکنے والا شخص زندہ برآمد

Published On 28 January,2021 11:28 am

کوئنز لینڈ:(روزنامہ دنیا) آسٹریلیا کے گھنے جنگلات میں بھٹک جانے والے شخص کو 18 روز بعد بازیاب کرالیا گیا ہے،رابرٹ ویبر جنوری کے پہلے ہفتے سے لاپتہ تھے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے رابرٹ کی تلاش میں گھنی جھاڑیاں ، دریا اور ڈیم کا پورا علاقہ چھان مارا لیکن وہ نہیں ملے ۔ تاہم 18 روز بعد ایک دوسرے شخص نے انہیں اس وقت ڈھونڈ نکالا جب وہ دریائی ڈیم کے کنارے بیٹھے تھے ۔وہ رات کے وقت ہوٹل واپس لوٹ رہے تھے کہ ٹریفک سے بچنے کیلئے انہوں نے جنگل میں کار موڑدی لیکن یہ فیصلہ غلط ثابت ہوا اور ان کی گاڑی سڑک سے دور جاتی رہی جہاں وہ راہ بھٹک چکے تھے ۔

تین روز تک وہ اپنی کار میں کتے کے ساتھ ہی رکے رہے اور اس کے بعد پانی ختم ہوگیا۔پانی ختم ہونے کے بعد وہ کار سے باہرنکلے اور بڑی مشکل سے ڈیم کے کنارے تک پہنچے ۔ اگلے 15 روز تک انہوں نے جنگل سے مشروم کھائے اور پانی پی کر اپنی جان بچائی ۔