سیئول:(روزنامہ دنیا) جدید کاروں میں دلچسپی رکھنے والوں کیلئے یہ خبر دلچسپی سے خالی نہیں ہو گی کہ ایک کارساز کمپنی نے ایسی کار کا ماڈل تیار کیا ہے جو ایسی ناہموار سڑک جہاں پہیے جواب دے جائیں وہاں پہیوں کو اٹھا کرکیکڑے کی طرح چل بھی سکتی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پہاڑی علاقوں میں سڑک کتنی ہی ہموار ہو، بسا اوقات کار کے گول ٹائر پتھریلے اور ناہموار راستوں پر بے کار ہوجاتے ہیں، اسی کمی کے پیشِ نظر ہنڈائی کمپنی نے ایک کار کا ماڈل تیار کیا ہے جو دوڑ سکتی ہے اور وقت پڑنے پر اپنے قدم یعنی ٹائر اٹھا کر چل بھی سکتی ہے ۔اسے ٹائیگر ایکس ون کا نام دیا گیا ہے ۔ ہر ٹائر میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ ناہموار زمین پر مڑسکتا ہے اور گاڑی کو آگے پیچھے دائیں بائیں بلکہ کیکڑے کی طرح اطراف میں بھی چلاسکتا ہے ۔
اگرسواری کہیں پھنس جاتی ہے تو وہ اپنے پہیوں کو دراز کر کے خود کو اونچا بھی کرسکتی ہے ۔لیکن ٹایئگر ایکس ون کا تصور ایک ایسی سواری بنانا ہے جو خود کار انداز میں زلزلے اور آفات والے ماحول میں آگے بڑھ سکے ۔ پہلے مرحلے پر اس کار کو انسان بچانے ، امدادی سامان پہنچانے یا متاثرہ افراد کی نشاندہی کیلئے استعمال کیا جائے گا۔