انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکی سے ایک انوکھی خبر نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے۔ ضلع ازمیر کے ایک ہسپتال میں دلچسپ واقعہ پیش آیا جس میں بلی بیمار بچے کو علاج کے لیے منہ میں اٹھا کر ہسپتال لے آئی۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہسپتال کے کیمرے سے لی گئی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلی اپنے بچے کو منہ میں اٹھا کر اسپتال کے دروازے سے اندر آتی ہے۔
دروازے پر کھڑے لوگ بلی کو راستہ دینے کے لیے ایک طرف ہو جاتے ہیں جب کہ کچھ لوگ دوسروں کو بلی کے لیے راستہ بنانے کا کہتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈاکٹرز نے جب بلی کے بچے کا معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ اس کی آنکھ میں انفیکشن ہے۔ بعد ازاں ڈاکٹرز کی جانب سے یہ کیس جانوروں کے ڈاکٹر کی طرف منتقل کر دیا گیا۔
ہسپتال کے عملے کی جانب سے ریکارڈ کی گئی ایک اور ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلی کے دو بچے موجود ہیں جس سے ڈاکٹر باتیں کر رہے ہوتے ہیں۔
ایک اور ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نرس بلی کے بچے کی آنکھ میں ڈراپس ڈال رہی ہوتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہسپتال کے سٹاف نے بتایا کہ وہ اکثر بلی کو کھانا اور دودھ دیتے رہتے تھے۔ ہمیں یہ نہیں معلوم تھا کہ اس بلی نے بچے بھی دیئے ہیں۔