ابو ظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی عدالت نے نامناسب پیغامات سے خاتون کے جذبات مجروح کرنے والے مرد کو 20 ہزار درہم جرمانہ دینے کا حکم دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کی جانب سے نامناسب پیغامات بھیجنے والے شخص کے خلاف مقدمہ دائر کیا گیا تھا جس میں خاتون نے مرد کی جانب سے بھیجے جانے والے پیغامات کے عوض اس سے ایک لاکھ درہم بطور جرمانہ دینے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
خاتون نے الزام عائد کیا تھا کہ اس شخص نے پیغامات میں ان پر بہت سے مردوں سے تعلقات استوار کرنے کا الزام لگایا تھا اور الزام کو سچ ثابت کرنے کیلئے مرد کی جانب سے خاتون کی مختلف تصاویر بھی شیئر کی گئی تھیں لہٰذا عدالت اس توہین پر ہونے والے اخلاقی نقصان کا مداوا اس شخص سے جرمانے کی صورت میں پورا کرائے۔
دوسری جانب ملزم نے خاتون پر الزام عائد کرتے ہوئے عدالت سے مطالبہ کیا کہ چونکہ خاتون پر ان کے 39 ہزار درہم واجب الادا ہیں، اس رقم کی ادائیگی کے لیے کی جانے والی گفتگو کی بناء پر خاتون نے مقدمہ درج کرایا لہٰذا اس مقدمے کو خارج کردیا جائے۔
شواہد کی روشنی میں عدالت نے مدعی کو خاتون کے جذبات مجروح کرنے پر مجرم قرار دیا اور فیصلہ دیا کہ چونکہ مرد کے پیغامات نے خاتون کی ساکھ کو نقصان پہنچایا لہٰذا پیغامات بھیجنے والا شخص خاتون کو 20 ہزار درہم بطور جرمانہ ادا کرے۔