نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی پولیس نے نے یوٹیوبر کو اپنے پالتو کتے کو گیس بھرے غباروں کے ساتھ باندھ کر 'اڑانے کی کوشش' کرنے پر گرفتار کر لیا ہے۔
32 سالہ گورو شرما کی بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انہوں نے اپنے پالتو کتے کو گیس بھرے غباروں سے باندھا اور ہوا میں اڑنے کے لیے چھوڑ دیا۔ اس کے چند ہی لمحوں بعد کسی نے عمارت کی دوسری منزل پر بالکونی سے کتے کو پکڑ لیا۔
یوٹیوبر شرما کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس ویڈیو کو فلمانے کے لیے تمام حفاظتی اقدامات اپنائے تھے لیکن سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد انہوں نے اپنی ویڈیو کو ڈیلیٹ کر دیا ہے۔
انہوں نے یہ ویڈیو اپنے یوٹیوب چینل پر پوسٹ کی تھی۔ انکے یوٹیوب چینل کے 40 لاکھ سے زیادہ سبسکرائبرز ہیں۔
Delhi | YouTuber Gaurav Sharma arrested for cruelty to an animal after he posted a video on social media where he floated up a pet dog in the air by tying hydrogen balloons on its back, risking its life: DCP South Atul Thakur
— ANI (@ANI) May 27, 2021
(Pic-Screengrab of the video) pic.twitter.com/jYHKUjMdG3
پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے جانوروں کی فلاح کے لیے کام کرنے والے ایک ادارے پیپل فار اینمل (پی ایف اے) کی جانب سے گورو شرما کے خلاف شکایت ملنے کے بعد انہیں گرفتار کیا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شرما گاڑی کے اوپر کھڑے ہیں اور ان کا پالتو کتا بھی گیس سے بھرے غباروں کے ساتھ بندھا نظر آ رہا ہے۔ ایک موقع پر وہ غباروں کو ہوا میں چھوڑ دیتے ہیں اور ان کا کتا ہوا میں اڑنے لگتا ہے۔
اسی اثنا میں جب وہ عمارت کی دوسری منزل تک پہنچتا ہے تو کوئی بالکونی میں آ کر کتے کو تھام لیتا ہے۔ اس موقع پر ویڈیو میں خوشی کے اظہار کی آواز سنی جاسکتی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ وہ شخص کتے کو بچا رہا ہے۔
بعدازاں یوٹیوبر شرما نے ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں انھوں نے اس پر معافی مانگی اور وضاحت کی کہ انھوں نے اپنے ڈالر نامی پالتو کتے کے ساتھ یہ فلم بناتے ہوئے تمام حفاظتی اقدامات اٹھائے تھے۔
اس ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ وہ دوسرے یوٹیوبرز سے متاثر ہوئے تھے جو اپنی ویڈیوز میں ایسے ہی سٹنٹ کرتے ہیں۔ انھوں نے اپنے شائقین سے کہا کہ وہ ان کی ویڈیو میں کیے جانے والے اقدامات سے متاثر نہ ہوں۔ وہ جانوروں سے محبت کرتے ہیں اور اپنے کتے ڈالر کا ایک بچے کی طرح خیال رکھتے ہیں۔