نئی دہلی: (ویب ڈیسک) انڈیا سے ایک انتہائی دلچسپ خبر سامنے آئی ہے جہاں ایک نوجوان دلہن کی طرح بن سنور کے شادی کے گھر میں چلا گیا لیکن وہاں موجود لوگوں نے شک گزرنے پر اسے پکڑ لیا، اس موقع کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دلچسپ واقعہ ریاست اترپردیش کے شہر بھدوہی کا ہے۔
شہر بھدوہی کا یہ نوجوان دلہن کی طرح خوب تیار ہوا اور شادی والے گھر میں گھس گیا اور انتہائی ڈھٹائی سے وہاں خواتین کے درمیان بیٹھا رہا۔
اپنے ساتھ بیٹھی ایک اجنبی خاتون کو دیکھ کر گھر والے پریشان ہوئے، وہاں موجود ایک بزرگ خاتون نے اسے لڑکی سمجھ کر اس کے سر پر ہاتھ پھیرا تو موصوف کی وگ اتر گئی۔
لڑکے کی وگ اترنے کے بعد وہاں ہنگامہ کھڑا ہو گیا۔ اس موقع کی سوشل میڈیا پر ویڈیو بہت وائرل ہو رہی ہے جس میں وہاں موجود لوگ اس نوجوان کا گھونگھٹ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس دوران گھر والوں نے پولیس کو خبر دی لیکن وہ لڑکا موٹر سائیکل پر بیٹھ کر رفوچکر ہوگیا۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ نوجوان دلہن کی طرح تیار ہو کر شادی والے گھر میں کیا کرنے آیا تھا؟