گوجرانوالہ: (روزنامہ دنیا) دوسری شادی کیلئے کراچی سے بارات لیکر سیالکوٹ آنے والے دلہے راجہ کونکاح سے چند لمحے قبل سابق اہلیہ نے عدم ادائیگی خرچہ نان نفقہ کے مقدمہ میں ہتھکڑیاں لگوا دیں۔
افشاں نامی یتیم لڑکی کے ساتھ عدنان نے شادی کی اور ایک بچہ پیدا ہونے کے بعداسے چھوڑدیا۔افشاں نے 2016 میں عدنان کے خلاف خرچ کا دعویٰ دائر کیا لیکن اسکا سابق شوہر عدالت میں پیش نہ ہوا اور اشتہاری قرار دیا گیا۔
گزشتہ روز عدنان دوسری شادی کیلئے بارات لیکر کراچی سے سیالکوٹ آیا۔ افشاں کی اطلاع اور سینئر سول جج فیملی ڈویژن سیالکوٹ کے حکم پر اسکو میرج ہال سے دوران نکاح گرفتار کر لیا گیا ، یوں بیوی کو پانچ سال بعد سابقہ شوہر سے دولاکھ روپے پہلے بچے کا خرچ دلادیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ دلہا کے پاس دو لاکھ روپے نہیں تھے جس پر اس کے نئے سسرال والوں نے سلامیوں کی رقم اکٹھی کر کے پولیس کو دو لاکھ روپے ادا کئے اور دلہا کی خلاصی کرائی۔