کچرے کا ڈرم سمندر میں بہتا امریکہ سے آئرلینڈ پہنچ گیا

Published On 17 November,2021 11:33 am

ڈبلن: (روزنامہ دنیا) امریکی ریاست ساوتھ کیرولینا کے ساحل سے غائب ہو جانے والا کچرے کا ڈرم گذشتہ ہفتے 5633 کلو میٹر دور آئرلینڈ میں سمندر کنارے پر پایا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق آئرلینڈ کی کاونٹی "میو" میں ساحل سمندر کی نگرانی اور صفائی پر مامور عملے کو کچرے کا ایک ڈرم ملا جس پر "سٹی آف مرٹل بیچ ، ساوتھ کیرولینا" کے سٹیکر لگے ہوئے تھے۔ نیلے رنگ کے اس بڑے پلاسٹک ڈرم پر چاروں طرف سیپیاں چپکی ہوئی تھیں جن سے ظاہر تھا کہ یہ ڈرم کئی مہینوں تک سمندر میں ادھر ادھر تیرتا رہا ہے۔

میو کاونٹی حکام کی جانب سے ڈرم کی تصویریں سوشل میڈیا پر شیئر کروا دی گئیں اور مرٹل بیچ شہر کی انتظامیہ کو بھی آگاہ کر دیا۔ مرٹل بیچ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ساحل پر رکھے کچرے کے ڈرم روزانہ خالی کئے جاتے ہیں لیکن وہ بھی نہیں جانتے کہ آخر یہ ڈرم کس طرح کھلے سمندر میں پہنچ گیا۔


 

Advertisement