بیجنگ: (روزنامہ دنیا) چین کی ریئل سٹیٹ کمپنیاں آسیب زدہ مکانات فروخت کرنے کیلئے معاوضے پر ایسے بے خوف افراد کی خدمات حاصل کرتی ہیں جو وہاں کچھ دن اکیلے گزار کر حلفی بیان دیتے ہیں کہ وہ مکان آسیب سے پاک ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بعض تجربہ کار ماہرین اپنی خدمات کا معاوضہ ایک یوآن (تقریبا 28 روپے پاکستانی) فی منٹ کے حساب سے وصول کرتے ہیں۔ وہ عموما ایک مبینہ آسیب زدہ مکان میں 24 گھنٹے اکیلے گزارتے ہیں جس کا معاوضہ 1440 یوآن (تقریبا 40 ہزار روپے پاکستانی) بنتا ہے۔
اس دوران وہ متعلقہ کمپنی کے ساتھ ویڈیو کال پر رابطے میں رہتے ہیں اور مکان کے مختلف حصوں میں گھوم پھر کر ثابت کرتے ہیں کہ وہاں بھوت جیسی کوئی چیز نہیں پائی جاتی جس کے بعد مکان زیادہ قیمت پر فروخت کرنا آسان ہو جاتا ہے۔