واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) ناسا نے طویل خلائی سفر پر جانے والے خلا بازوں کیلئے توانائی بھرے اور ماحول دوست کھانے کی مستقل فراہمی پر ٹیکنالوجی وضع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس پر 10 لاکھ ڈالر انعام یا فنڈنگ کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس مقابلے میں عام افراد بھی شامل ہو سکتے ہیں بس شرط یہ ہے کہ کھانا توانائی بھرا، لذیذ اور باکفایت ہو اور اس کو بناتے ہوئے ماحول کا بھی خیال رکھا جائے۔ یہ پروگرام کینیڈا کی خلائی ایجنسی کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے جس میں سائنس دانوں سے لے کر عام افراد سے بھی مدد مانگی گئی ہے۔
مقابلے کا نام "ڈیب سپیس فوڈ چیلنج" رکھا گیا ہے، اس میں افراد یا ٹیموں سے غذائی تیاری کی ٹیکنالوجی کی ڈیزائننگ ، تیاری اور انہیں فراہم کرنے کے عملی نمونوں کا تقاضا کیا گیا ہے۔ شرط یہ ہے کہ اجنبی ماحول میں سائنس دانوں کو وہ تمام ضروری اجزا فراہم کئے جائیں جو غذا سے بھرپور ہوتے ہیں۔