دبئی: (ویب ڈیسک)ایران سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ افشین اسماعیل کو دنیا کا سب سے پستہ قامت شخص قرار دے کر نام گنیز ورلڈ بک میں درج کرلیا گیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے دبئی میں افشین اسماعیل کے قد کی جانچ پڑتال کرنے کے بعد عالمی ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق افشین اسماعیل کا قد 2 فٹ 1.6 انچ ہے اور وہ کولمبیا کے ایڈورڈ نینو سے 2.7 انچ چھوٹے ہیں، جن کے پاس پہلے یہ ریکارڈ موجود تھا۔
ایران کے صوبہ مغربی آذربائیجان کے ایک گاؤں میں پیدا ہونےو الے افشین اسماعیل کی زندگی آسان نہیں گزری۔ان کے والدین کو بیٹے کے قد کے بارے میں اس وقت علم ہوا جب افشین کی عمر 2 سال تھی، جبکہ پیدائش کے وقت ان کا وزن محض 700 گرام تھا اور اب ان کا وزن لگ بھگ ساڑھے 6 کلوگرام ہے۔
والدین کی آمدنی زیادہ نہ ہونے کی وجہ سے بچپن میں افشین کا علاج نہیں ہوسکا تھا۔قد چھوٹا ہونے کی وجہ سے افشین کو اسکول جانے کا موقع بھی نہیں مل سکا اور تعلیم کا حصول مشکل ہوگا، البتہ رشتے داروں کی جانب سے افشین کو کچھ چیزیں پڑھائی گئی ہیں۔
دبئی میں افشین نے اپنا ایک بڑا خواب بھی اس وقت پورا کیا جب انہیں دنیا کی طویل ترین عمارت برج خلیفہ جانے کا موقع ملا۔افشین زیادہ تر کارٹون اور سوشل میڈیا استعمال کرکے وقت گزارتے ہیں، ٹام اینڈ جیری ان کا پسندیدہ کارٹون ہے۔