ٹورنٹو: (ویب ڈیسک ) کینیڈا کی 87 سالہ معمر خاتون نے اپنی دوسری ماسٹرز ڈگری مکمل کرلی، خاتون کو کینیڈین اسمبلی کے اراکین کی جانب سے خصوصی خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 87 سالہ ورتھا شانموگناتھن نامی معمر خاتون نے کینیڈین یونیورسٹی سے اپنی دوسری ماسٹرز ڈگری حاصل کر کے اس بات کو سچ ثابت کر دیا کہ انسان کے سیکھنے کا عمل ساری زندگی جاری رہتا ہے ، ورتھا یارک یونیورسٹی سے ماسٹر کی ڈگری حاصل کرنے والی سب سے عمر رسیدہ شخص بھی بن گئی ہیں۔
ورتھا کو اونٹاریا کی صوبائی اسمبلی میں منعقدہ ایک تقریب میں خصوصی اعزاز سے نوازا گیا اور اسمبلی ممبران نے بزرگ خاتون کو کھڑے ہو کر تالیاں بجا کر خراج تحسین پیش کیا۔
معمر خاتون نے اپنی بیچلر کی ڈگری ہندوستان سے حاصل کی تھی بعد میں یونیورسٹی آف سیلون سے ڈپلومہ حاصل کیا جس کے بعد انہوں نے 50 سال کی عمر میں لندن یونیورسٹی سے سخت محنت کرنے کے بعد اپنی پہلی ماسٹر ڈگری حاصل کی تھی۔
کینیڈین صوبائی اسمبلی کے ایک رکن نے ورتھا کیلئے منعقدہ تقریب کی ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی اور ان کے اگلے تعلیمی سفر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔