نئی دہلی : (ویب ڈیسک ) بھارتی ریاست ہریانہ میں فرید آباد پولیس سٹیشن کے سب انسپکٹر نے رشوت خوری کے الزام سے بچنے کیلئے کرنسی نوٹ نگل لیے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہریانہ کے علاقے فرید آباد کے پولیس سٹیشن کا سب انسپکٹر رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تو اس نے ثبوت مٹانے کیلئے نوٹوں کو نگل لیا جسے دیکھ کر تحقیقاتی ٹیم حیران رہ گئی۔
رپورٹس کے مطابق سب انسپکٹرکی جانب سے نوٹ نگلنے کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وائرل ہو گئی جس پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کئے گئے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب تحقیقاتی ٹیم سب انسپکٹر کو پکڑتی ہے تو وہ نوٹوں کو منہ میں ڈال کر کھانے کی کوشش کرتا ہے تا کہ ٹیم وہ نوٹ برآمد نہ کرسکے، اس دوران ٹیم اہلکاران اس کے ساتھ کافی مزاحمت بھی کرتے ہیں ، جبکہ ایک بزرگ اسکے سر پر تھپڑ مار کر پیسے باہر نکلوانے کی کوشش بھی کرتا ہے۔
#NDTVBeeps | Video: Faridabad Cop Caught Taking Bribe Over Buffalo Theft Swallows Notes pic.twitter.com/1gDZtllNtP
— NDTV (@ndtv) December 13, 2022
حکام کے مطابق سب انسپکٹر نے ایک شہری سے اس کی بھینس چوری ہونے کا مقدمہ درج کرنے کیلئے دس ہزار روپے رشوت مانگی تھی جس پر شہری نے اعلیٰ حکام کو شکایت کی اور پھر یہ کارروائی کی گئی۔