منی سوٹا: (ویب ڈیسک) امریکہ میں پناہ لینے والی 2 بہنوں نے انتہائی ضرورت کے وقت 100 ڈالر کی مدد فراہم کرنے والی مہربان خاتون کو ڈھونڈ نکالا، 1999ء میں خاتون نے دونوں بہنوں کی مدد اس وقت کی تھی جب وہ انارکی اور فسادات کے شکار یوگوسلاویہ سے امریکہ ہجرت کر رہی تھیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکہ میں پناہ لینے والے دووں بہنوں کو اجنبی خاتون کی جانب سے دیے گئے 100 ڈالرز کا بہت فائدہ ہوا تھا۔ زوگے اور وانیا کونٹینو کے والد نے دونوں بہنوں کو جنگ زدہ یوگوسلاویہ سے طیارے میں بٹھا کر روانہ کر دیا تھا۔ غیر یقینی کی اس صورت حال میں دونوں نو عمر دورانِ پرواز گم سم اور خوفزدہ تھیں کہ اسی دوران ایک مہربان خاتون نے لفافے میں 100 ڈالر کی رقم دی جس سے ان کی مشکلات کم ہوئی تھیں۔
خاتون نے جس لفافے میں دونوں بہنوں کو 100 ڈالرز تھمائے تھے اس پر اپنے متعلق صرف اتنا لکھا تھا کہ وہ ٹینس کھیلتی ہیں، ان کا نام ٹریسی پیک ہے اور وہ بلین، منی سوٹا کی رہائشی ہیں۔
سفر کے دوران ہی دونوں بہنوں نے اس مہربان خاتون کو اپنی دکھ بھری داستان سنائی، جہاز سے باہر آتے وقت خاتون نے انہیں ایک لفافہ دیا جس پر لکھا تھا: ’مجھے افسوس ہے کہ آپ کے ملک میں بمباری جاری ہے اور آپ کا خاندان مصائب کا شکار ہے، امید کرتی ہوں کہ امریکہ میں آپ کا رہنا محفوظ اور با مسرت ہوگا۔ امریکہ میں خوش آمدید!
برائے مہربانی اس رقم کو اپنی مدد کیلئے استعمال کیجئے گا، طیارے میں آپ کی دوست ٹریسی۔
دونوں بہنوں نے 23 برس تک لفافہ سنبھال کر رکھا جو بالآخر 23 سال بعد ان کی ملاقات کا باعث بنا، دلچسپ بات یہ ہے کہ ہاتھ سے لکھے گئے اس لفافے پر اب تک ایک شکن بھی نہیں آئی۔ 1999ء میں وانیا کونٹینو کی عمر 17 اور زوگے صرف 12 سال کی تھیں، وانیا اب ایک کامیاب انیستھیسیالوجسٹ ہیں جبکہ 35 سالہ زوگے گھریلو خاتون کے طور پر زندگی جی رہی ہیں۔