ممبئی : (ویب ڈیسک ) بھارتی لوک سبھا میں چائے کو قومی مشروب قرار دینے کا مطالبہ سامنے آگیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پاو بیتر امارگریٹا نے ایوان بالا میں چائے کو ملک کی ثقافت کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کا ہر شہری اپنے دن کی شروعات چائے سے کرتا ہے لہذا چائے کو قومی مشروب کا درجہ دیا جائے۔
پاو بیتر امارگریٹا کا کہنا تھا کہ یہ کنیا کماری سے سری نگر اور گجرات سے شمال مشرق تک ہر ماں کے باورچی خانے میں موجود ہے اور ہماری ثقافت کا اہم حصہ ہے۔
بی جے پی رکن نے کہا کہ بھارت میں موجود سینکڑوں چائے کے باغات میں 50 لاکھ سے زائد مزدور کام کرتے ہیں، انگزیزوں کے دور میں اور گزشتہ 70 برسوں میں ان مزدوروں کا استحصال ہو تا رہا ہے۔
انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ حکومت چائے کے باغات میں کام کرنے والے مزدوروں کیلئے چائے کی صنعت کے 200 سال مکمل ہونے پر خصوصی اقتصادی پیکج کا اعلان کرے۔
رکن اسمبلی نے مزید کہا کہ 2023 میں آسام کی مشہور چائے کو 200 سال مکمل ہو جائیں گے ، مقامی حکومت اور عوام اس موقع کو بہت جوش و خروش سے منانے کی تیاری کررہی ہے ،مرکزی حکومت کو بھی ان کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔