رہوڈ آئی لینڈ: (ویب ڈیسک) امریکی اسکولوں کے طالبعلموں کی بنائی گئی تجرباتی چھوٹی کشتی یا " منی بوٹ " رواں برس مارچ میں سمندر کے حوالے کی گئی تھی، جو 9300 کلومیٹر سفر طے کرکے روڈ آئی لینڈ امریکا سے برطانوی ساحل تک پہنچ گئی ہے۔
اس چھوٹی سی کشتی ’انسپائریشن‘ کو تین امریکی اسکولوں کے طلبا و طالبات نے بنایا تھا ، بچوں نے یہ کشتی روڈ آئی لینڈ گریجویٹ اسکول آف اوشیانوگرافی کے ماہرین کی زیرِنگرانی تیار کی تھی جس کا مقصد بچوں کو سمندر اور اس کے ماحول سے آگاہ کرانا تھا، اس کشتی پر خاص جی پی ایس نظام لگا کر واٹرپروف بنایا گیا تھا۔
26 مارچ کو یہ کشتی سمندر میں اتاری گئی ، جس نے کل 245 دن اور ایک گھنٹے سمندر کا سفر کیا، جس کے بعد کرائسٹ چرچ برطانیہ کے فریئرس کلف کے ساحل پر دیکھی گئی اور یوں اس کا طویل تجرباتی سفر اختتام کو پہنچا۔
اس کشتی کو روڈ آئی لینڈ سے 100 میل دور پانی میں چھوڑا گیا تھا جس نے دس ماہ کا طویل سفر طے کیا۔
اس چھوٹی سی کشتی کے اندر بہت سی معلومات بھی رکھی گئی تھیں جس میں ان تمام اسکولوں اور بچوں کے کوائف موجود تھے جنہوں نے اپنے بڑوں کے ساتھ مل کر اسے بنایا ہے۔