لندن: ( دنیا نیوز ) غلط رپورٹنگ کرنے پر برطانوی اخبار ڈیلی میل نے وزیراعظم شہبازشریف سے معافی مانگ لی۔
خیال رہے کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل نے 14 جولائی 2019 کو ایک آرٹیکل میں الزام لگایا تھا کہ شریف خاندان نے سیلاب زدگان کے فنڈز میں چوری کی۔
ڈیلی میل کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے شہباز شریف کے متعلق تحقیقات کی اطلاع دی گئی تھی، قومی احتساب بیورو نے کہا تھا کہ چوری ہونے والی رقم میں ڈی ایف آئی ڈی کی سیلاب زدگان کیلئے دی گئی گرانٹ بھی شامل تھی۔
اب برطانوی اخبار نے وزیراعظم سے معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں وضاحت پرخوشی ہے، قبول کرتے ہیں کہ شہباز شریف نے کوئی غلط کام نہیں کیا، تمام الزامات جھوٹے ہیں اور ہم اس چیز پر شہباز شریف سے معذرت خواہ ہیں، برطانوی عوام کے پیسے یا ڈی ایف آئی ڈی گرانٹ میں خورد برد کا شہباز شریف پر الزام نہیں لگا۔
خیال رہے کہ شہبازشریف نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کے خلاف اس آرٹیکل پر مقدمہ کردیا تھا۔
شہبازشریف نے مؤقف اپنایا تھا کہ مضمون سے ان کی ’ذاتی اور پیشہ ورانہ ساکھ‘ کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے، اس کیس کی 11 نومبر 2022 کو ہونے والی سماعت میں عدالت نے شہباز شریف کی جانب سے جواب جمع کرانے کیلئے مزید وقت دینے کی درخواست مسترد کردی تھی۔
عدالت نے مؤقف اپنایا تھا کہ اس مقدمے میں ڈیلی میل 9 بار عدالت سے تاریخ لے چکا ہے اور اب شہباز شریف کے وکلا عدالت سے جواب جمع کرانے کے لیے مزید وقت مانگ رہے ہیں۔
اس سے قبل گیارہ نومبر کو ڈیلی میل کیس میں برطانوی عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کی حکم امتناع کی درخواست خارج کرتے ہوئے انہیں مزید وقت دینے سے انکار کر دیا تھا۔
معافی ڈیلی میل کو نہیں عمران خان اور شہزاد اکبر کو مانگنی چاہیے: مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈیلی میل کی معذرت مخالفین کے منہ پر طمانچہ ہے، شہباز شریف پر کسی قسم کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، معافی ڈیلی میل کو نہیں عمران خان اور شہزاد اکبر کو مانگنی چاہئے جنہوں نے ڈیوڈ روز کو پہلو میں بٹھا کر شہباز شریف کے خلاف سازش کی۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈیلی میل کی معافی سے صرف شہباز شریف نہیں بلکہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام سرخرو ہوئے ہیں، عمران خان اور شہزاد اکبر نے شریف خاندان پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات عائد کئے، عمران خان نے 2018ءمیں اقتدار میں آنے کے بعد سیاسی عدم استحکام پیدا کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نیب کا ریفرنس ڈیلی میل والوں کے حوالے کیا تھا، پی ٹی آئی چیئرمین نے ڈیوڈ روز کو بلا کر اپنے پہلو میں بٹھا کر شہباز شریف کے خلاف سازش کی اور اس سے ٹاک شوز کروائے، یہ کہتے تھے شہباز شریف زلزلہ زدگان کے پیسے کھا گئے، انہوں نے اس شخص پر الزامات لگائے جس نے دس سال اپنے خون پسینے سے پنجاب کو ترقی دی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور شہزاد اکبر نے لوگوں کی پگڑیاں اچھالیں، ان پر الزامات لگائے، ڈیلی میل نے جو الزامات لگائے گئے اس پر یہ عدالت میں ثبوت پیش نہیں کر سکے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف پورا کیس ٹرائل سے گذرا جس کے بعد ڈیلی میل نے شہباز شریف سے غیر مشروط معافی مانگی، اللہ کا شکر ہے مسلم لیگ (ن) کے تمام قائدین کرپشن کے جھوٹے الزامات میں سرخرو ہو رہے ہیں۔