سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے 70 ارب روپے مہیا کئے:وزیراعظم شہباز شریف

Published On 08 December,2022 04:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے 70 ارب روپے مہیا کئے۔

ڈیرہ اسماعیل خان،ٹانک کےسیلاب متاثرین کےلیے تعمیرکےگئے رہائشی یونٹس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے بڑی تباہی ہوئی، انفراسٹرکچرکا سارا نظام درہم برہم بوگیا ہزاروں لوگوں کے گھر تباہ ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کےفضل وکرم سےسیلاب سے بے گھر ہونیوالے خاندانوں کوچھت فراہم کی جارہی ہے، گھروں کی تعمیرکےلیے کیپٹن عظیم اوران کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں مخیرحضرات کےتعاون سےٹانک کےسیلاب متاثرین کوچھت کی فراہمی خوش آئند ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کہ سیلاب متاثرین کی خدمت قوم کی اجتماعی کاوشوں کے ذریعے کی گئی، سابق سپہ سالار، افواج پاکستان اور نیوی نے دن رات کام کیا۔ لسبیلہ میں سیلاب متاثرین کی امداد کے دوران ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید فوجی افسران کی عظیم قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔

شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لئے مہیا کی گئی رقم کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے شفاف طریقے سے متاثرین کو فراہم کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سےسیلاب متاثرین کی معاونت قابل تحسین ہے سیلاب کےدوران این ڈی ایم اے اورپی ڈی ایم اے نے بہترین کام کیا، قطر، متحدہ عرب امارات ، ترکی سعودیہ سمیت دیگر دوست ممالک کا امداد پرشکریہ ادا کرتا ہوں۔