برطانیہ: (ویب ڈیسک) کوما میں بچی کو جنم دینے والی خاتون 3 ماہ بعد ہوش میں آ گئی، خاتون کو 3 ماہ قبل سانس لینے میں تکلیف کے باعث ہسپتال داخل کیا گیا تھا، حالت مزید بگڑنے کے بعد وہ کوما میں چلی گئی تھیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ 33 سالہ حاملہ خاتون لارا وارڈ نے جس وقت ایک خوبصورت بچی کو جنم دیا اس وقت وہ ہوش میں نہیں تھیں اور گزشتہ 7 ہفتوں سے کوما کی حالت میں تھیں، خراب صحت کے باعث خاتون نے سی سیکشن ایمرجنسی کی حالت میں بچی کی پیدائش کی مقررہ تاریخ سے کم از کم 2 ماہ قبل بچی کو جنم دیا۔
لارا وارڈ کا اس متعلق کہنا ہے کہ حالت کوما سے باہر آنے کے بعد جب ان کے شوہر نے نوزائیدہ بچی ان کے سامنے کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے اسے جنم دیا ہے تو میری حیرت اور خوشی کی انتہا نہ رہی، یہ احساس ناقابل بیان تھا۔
خاتون کا مزید کہنا تھا کہ ان کو صحتیابی کے لئے ابھی طویل سفر طے کرنا پڑے گا تاہم ان کے ساتھ پیار کرنے والا خاندان اور خیال رکھنے والے بہترین دوست موجود ہیں۔