سوڈان: (ویب ڈیسک) پنجرے سے نکل کر بھاگنے پر چڑیا گھر کی انتظامیہ نے چمپینزیوں کو گولیاں مار دیں جس سے 3 چمپینزی ہلاک اور دیگر زخمی ہوگئے۔
واقعہ کے مطابق سوڈان کے ایک مشہور چڑیا گھر میں کچھ چمپینزی اپنے انکلوژر سے نکل کر باہر آگئے اور چڑیا گھر کی حدود میں ہی گھومتے رہے، انتظامیہ کی جانب سے انہیں گن انجیکشن سے پر سکون (بے ہوش) کرنے کے بجائے ان پر گولیاں برسا دی گئیں۔
واقعے کے بعد شہریوں کی جانب سے چڑیا گھر کی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس پر انتظامیہ کا مؤقف تھا کہ چمپینزی کو گن انجیکشن سے پر سکون (بے ہوش) کرنے کے بجائے انہیں گولی اس لیے ماری گئی تاکہ یہ عوام کو نقصان نہ پہنچائیں کیونکہ انجیکشن کے ذریعے انہیں پرسکون (بےہوش) ہونے میں وقت لگتا اور اتنی دیر میں کوئی بڑا نقصان ہو سکتا تھا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چڑیا گھر اس وقت سیاحوں کے لیے بند تھا لیکن انتظامیہ کا کہنا تھا کہ چمپینزی عملے کے لیے بھی خطرہ بن سکتے تھے، گولیاں لگنے سے 3 چمپینزی ہلاک اور دیگر زخمی ہوگئے۔