بھارتی مسافروں کی پرواز کے دوران جھگڑے کی ایک اور ویڈیو وائرل

Published On 30 December,2022 05:00 am

نئی دہلی : ( ویب ڈیسک ) بینکاک سے کولکتہ جانے والی تھائی سمائل ایئرویز کی فلائٹ میں بھارتی مسافروں کے درمیان ہاتھا پائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 27 دسمبر کو تھائی سمائل ایئر ویز کی ایک فلائٹ میں حیران کن واقعہ پیش آیا جس میں بھارتی مسافروں نے گرما گرم بحث کے بعد پرواز میں سوار دوسرے مسافر پر تھپڑوں کی بارش کردی جبکہ لڑائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی جھگڑے کی ویڈیو کے مطابق دو مسافروں کو گرما گرم گفتگو کرتے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ عملے کی ایک رکن صورتحال کو پرسکون کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم، دونوں مسافروں نے فلائٹ اٹینڈنٹ کی بات نہیں سنی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مار کھانے والا مسافر مارنے والے کو ہاتھ نیچے رکھنے کا کہہ رہا ہے ، لیکن وہ مزید  تھپڑوں کی برسات کر رہا ہے جبکہ کچھ لمحات بعد مارنے والے کے دوست بھی لڑائی میں شامل ہو جاتے ہیں اور پھر سب مل کر اسکی  درگت بناتے ہیں، حالانکہ جس پر تشدد کیا جا رہا تھا اس نے جوابی وار نہیں کیا۔

یاد رہے کہ بھارتی مسافروں کی جانب سے طیارے میں جھگڑے کے متعدد واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں ، چند روز قبل ایئر ہوسٹس اور مسافر کے درمیان کھانے کے معاملے پر گرما گرم بحث کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔