ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت میں ڈاکٹروں نے کامیاب آپریشن کر کے 75 سالہ شخص کے گردے سے 300 پتھر نکال دیئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست تیلنگانا کے ضلع کریم نگر کے 75 سالہ رام ریڈی گزشتہ کئی ماہ سے گردے میں شدید تکلیف میں مبتلا تھے، اس دوران وہ اتائی ڈاکٹر سے کچھ دوائیں لیتے رہے جس سے انہیں عارضی سکون ملا۔
تاہم کچھ دنوں بعد درد پھر سے شروع ہوا جس کی وجہ سے ان کی روزمرہ زندگی توقع سے زیادہ متاثر ہونے لگی تو پھر انہوں نے ہسپتال جانے کا فیصلہ کیا، ہسپتال میں ڈاکٹروں نے رام ریڈی کا ایکسرے کیا تو معلوم ہوا کہ ان کے دائیں گردے میں چھوٹے پتھروں کا ایک بڑا مجموعہ موجود ہے اس لیے انہیں سرجری کروانے کا مشورہ دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق کامیاب آپریشن کے بعد ڈاکٹروں نے 75 سالہ مریض کے گردے سے تقریباً 300 چھوٹے پتھر نکال دیئے، آپریشن کے دوسرے دن رام ریڈی کو ہسپتال سے گھر بھیج دیا گیا اور وہ اب بالکل صحتیاب ہیں۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ زیادہ درجہ حرارت کی وجہ سے پانی کی کمی گردے میں پتھری کی وجہ ہو سکتی ہے۔