25 سال قبل سکول میں گم ہونے والی انگوٹھی مالک کو واپس مل گئی

Published On 25 March,2023 07:31 am

ورجینیا : ( ویب ڈیسک ) امریکی ریاست ورجینیا میں ایک ٹیک گریجویٹ کو 25 سال سے بھی زیادہ عرصہ قبل سکول میں والی بال کھیلتے ہوئے کھو جانے والی اس کی انگوٹھی دوبارہ مل گئی۔

جان لیشینسکی نامی ٹیک گریجویٹ نے بتایا کہ میں 25 سال قبل اپنے سکول میں والی بال کھیل رہا تھا جب میری انگوٹھی گم گئی تھی، کھیل سے قبل میں نے اپنی سینڈل، قمیض، گھڑی اور انگوٹھی مخصوص جگہ پر رکھی تھی تاکہ میں آسانی سے کھیل سکوں۔

لیشینسکی نے بتایا کہ جب کھیل ختم ہوا تو میں اپنی چیزیں اکٹھی کرنے چلا گیا جہاں میں نے دیکھا کہ انگوٹھی غائب تھی، جس کے بعد میں نے اور میرے دوستوں نے ساری جگہ تلاش کی لیکن ہم ناکام رہے ، ناکامی کے بعد میں نے یہ سوچا کہ شاید یہ چوری ہو گئی ہوگی۔

سکول انتظامیہ نے بتایا کہ عملہ جنوری میں والی بال کورٹ کی نکاسی کی مرمت کا کام کر رہا تھا جب ایک ملازم نے گندگی میں ایک چمکدار چیز دیکھی جسے باہر نکال کر صاف کر کے دیکھا تو وہ انگوٹھی تھی۔

ملازم نے کہا کہ میں اس بات کو یقینی بنانا چاہتا تھا کہ انگوٹھی کو اس کے مالک تک دوبارہ لازمی پہنچانا چاہیے، انگوٹھی کے اندر جان لیشینسکی نام کندہ تھا جسے میں نے سوشل میڈیا پر تلاش کیا اور بالا آخر میں مالک ڈھونڈنے میں کامیاب ہوگیا۔

لیشینسکی نے کہا کہ اتنے سالوں کے بعد میری انگوٹھی کی دوبارہ دریافت کی خبر حیران کن تھی، جب یہ مجھ تک پہنچی اور میں نے دیکھا تو مجھے یقین کرنا مشکل ہوا کہ یہ واقعی ٹھیک حالت میں تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ دنیا میں اب بھی ایماندار اور مہذب لوگ موجود ہیں۔

Advertisement