جاپانی شہری نے تھری پیس سوٹ میں 4 ہزار میٹر اونچا پہاڑ سر کر کے مثال قائم کر دی

Published On 06 April,2023 03:15 pm

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) عام طور پر کوہ پیما پہاڑ سر کرتے وقت لباس اور جوتوں کے انتخاب میں بے حد محتاط رہتے ہیں تاہم جاپانی شہری نے تھری پیس سوٹ میں 4 ہزار 1 سو میٹر اونچائی والا پہاڑ سر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق نوبوٹکا سادا نامی جاپانی شہری نئی چیزوں کے تجربے کرنے کے حوالے سے مشہور ہیں، نوبوٹکا پیشے کے اعتبار سے درزی ہیں تاہم فطرتاً وہ ایک ایڈونچر پسند شخص واقع ہوئے ہیں۔

گزشتہ ماہ نوبوٹکا ملائیشیا میں واقع سب سے اونچے پہاڑ کینابالو کی 4 ہزار 1 سو میٹر بلندی کو تھری پیس سوٹ اور لیدر کے جوتوں میں سر کرنے نکل پڑے اور وہ اپنی اس مہم جوئی میں حیران کن طور پر کامیاب بھی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پہاڑ کی بلندی کو پہنچنے کے بعد نوبوٹکا نے اپنے سوشل اکاؤنٹ پر تصاویر شیئر کیں جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئیں، نوبوٹکا کا یہ انوکھا کارنامہ کوہ پیماؤں کیلئے ایک مثال بن گیا ہے۔

Advertisement