ٹوکیو: (ویب ڈیسک)جاپان میں ایک یوٹیوبر کو مسلسل غیر حاضری پر رکن پارلیمان کی حیثیت سے فارغ کر دیا گیا۔
15 مارچ کو جاپانی پارلیمان کے ایوان بالا نے یوشی کازو ہیگاشیٹنی نامی یوٹیوبر کی رکنیت مسلسل غیر حاضری پر ختم کر دی، یہ 7 دہائیوں میں پہلی بار ہے جب جاپانی پارلیمان کی جانب سے اسے طرح کا اقدام کیا گیا۔
یوشی کازو کو یوٹیوب پر معروف شخصیات کے حوالے سے ویڈیوز کی وجہ سے جانا جاتا ہے،انہیں جولائی 2022 کو جاپانی سینیٹ کا رکن منتخب کیا گیا تھا۔
مگر انہوں نے ایوان بالا کے اسپیکر کی جانب سے مدعو کیے جانے پر کوئی جواب نہیں دیا تھا اور جولائی 2022 سے 8 مارچ 2023 تک سینیٹ کے اجلاس سے غیر حاضر رہے۔
جاپانی پارلیمانی قوانین کے تحت پارلیمان کے اراکین کے لیے اجلاس میں شرکت کرنا ضروری ہے،مگر یوشی کازو طویل عرصے سے جاپان سے باہر ہیں کیونکہ انہیں ڈر ہے کہ جاپان واپسی پر انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔
ان کے خلاف جاپان میں یوٹیوب ویڈیوز کی وجہ سے کافی مقدمات دائر ہیں، یہی وجہ ہے کہ 14 مارچ کو ایوان بالا کی ڈسپلنری کمیٹی نے متفقہ طور پر ان کی رکنیت ختم کرنے کی قرارداد پاس کی جس کے بعد سینٹ نے بھی اس کی توثیق کر دی۔