ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں ہونیوالے دنیا کے بیش قیمت گھوڑوں کی دوڑ کے ایونٹ سعودی کپ 2023 میں جاپان کے پنتھالاسا نے گھڑسواری کا مقابلہ جیت لیا ۔
عرب میڈیا کے مطابق الریاض کے شاہ عبدالعزیز ریس کورس میں منعقدہ مقابلے کے اختتام پرولی عہد نے جاپان کی ہیرو ریس کمپنی لمیٹڈ کے صدراور پنتھالاسا کے مالک نوکی یونیاما کو سعودی کپ سے نوازا۔
پنتھالاسا نے یوشیتو یہاگی سے تربیت حاصل کی اور انہوں نے دنیا کی سب سے مہنگی دوڑ میں 1800 میٹر کا فاصلہ 1:50:80 منٹ میں طے کیا، ولی عہد نے ٹرینر یہاگی اور جوکی یوتاکا یوشیدا کو مبارک باد پیش کی ، انعام میں انھیں گھوڑے کا ماڈل اور گھڑسوارکا ہیلمٹ دیا گیا۔
پنتھالاسا نے ہفتے کے روز دو کروڑ ڈالر انعامی رقم کی حامل گروپ ون سعودی کپ ریس میں باب بافرٹ کی تربیت یافتہ کنٹری گرامر کو شکست دی تھی، اس پرجوکی میں فرینک ڈیٹوری سوار تھے۔
سعودی کپ 2023 ء کی دوڑ کی سرگرمیوں کا آغاز جمعہ سے ہوا تھا اور اس میں مجموعی طور پرساڑھے تین کروڑڈالرکے انعامی پول کو16 مراحل میں تقسیم کیا گیا تھا ، دوڑ میں 16 ممالک کے 243 گھوڑوں نے شرکت کی۔
سعودی ولی عہد کے ہمراہ وزیر مملکت شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد، الریاض ریجن کے ڈپٹی گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمٰن بن عبدالعزیز، وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل اور نیشنل گارڈ کے وزیر شہزادہ عبداللہ بن بندربن عبدالعزیز بھی مقابلے دیکھنےکے لیے آئے تھے۔