ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی عرب میں اپنی نوعیت کی پہلی فوجی پریڈ "فدا" میں وزارت داخلہ کے 16 سیکورٹی شعبوں سے تعلق رکھنے والے 2ہزار 800 سے زائد مرد و خواتین شریک ہوئے ۔
عرب میڈیا کے مطابق پہلی مرتبہ فوجی پریڈ میں خواتین نے بھی شرکت کی ہے جبکہ پریڈ میں پہلی مرتبہ ’’ آرکسٹرا‘‘ میوزک بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
سعودی فوجی پریڈ میں شرکاء نے فوجی نظم و ضبط اور ربط میں انفرادی مہارتیں پیش کیں جبکہ فوجی میوزیکل پرفارمنس کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں سعودی ریاست کا قیام، سلامتی اور تحفظ کی بحالی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
یہ پریڈ سعودی ریاست کے قیام کے بعد سے سلامتی کے پیغام کی عکاسی کرتی چلی آرہی ہے ، اس فوجی پریڈ کا عنوان ’’ فدا ‘‘ رکھا گیا ہے جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ فوج کے یہ سپوت وطن کے لیے اپنی جان فدا کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔
دریں اثنا وزارت ثقافت نے "فاؤنڈیشن مارچ" کی سرگرمی کا اہتمام کیا جو ریاض کے شہزادہ ترکی بن عبدالعزیز اول روڈ پر منعقد کی گئی ، اس مارچ میں 4800 سے زیادہ فنکاروں نے شرکت کی ہے ، مارچ میں وزارت داخلہ کی فوجی پریڈ اور دیگر مشہور فنکاروں کی پرفارمنس بھی شامل تھی جبکہ پرفارمنگ آرٹس اور ثقافتی اقدار کی نمائندگی کرنے والی فنکارانہ شخصیات نے بھی اپنے فن کامظاہر ہ کیا ۔