سعودی شہر دومتہ الجندل میں کھجور میلہ سج گیا

Published On 19 February,2023 08:35 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے شہر دومتہ الجندل میں کھجور میلے کے 9ویں ایڈیشن کا افتتاح ہوگیا۔

سعودی عرب میں  کھجور فیسٹول  کے نویں ایڈیشن کا افتتاح کردیا گیا، الجوف ریجن کے گورنر شہزادہ فیصل بن نواف بن عبدالعزیز نے د ومۃ الجندل میں فیسٹول کا افتتاح کیا، میلے کا اہتمام میونسپلٹی آف دومۃ الجندل نے کیا ہے اور اس کی سرگرمیاں دومۃ الجندل گورنری میں 7 دن تک جاری رہیں گی۔

فیسٹیول کے اختتام پر شہزادہ فیصل بن نواف بن عبدالعزیز کی جانب سے جیتنے والوں کو انعامات سے نوازا جائے گا، انعامات کی مالیت ایک لاکھ ریال رکھی گئی ہے۔

الجوف ریجن کے میئر انجینئر عاطف بن محمد الشرعان نے علاقے میں تہواروں اور مختلف شعبوں خصوصاً زرعی شعبے اور تاریخ میں تعاون کرنے پر الجوف کے امیر کا شکریہ ادا کیا۔

الشرعان نے گزشتہ برسوں میں ’’کھجور میلے‘‘ کی حاصل کردہ کامیابیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس میلے سے کسانوں کے لیے مارکیٹنگ کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔

فیسٹول نے الجوف کی مصنوعات کے معیار کو مقامی اور علاقائی طور پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، فیسٹول کے انعقاد میں شہزادہ فیصل بن نواف کا کلید ی کردار ہے۔