جاپان اور جنوبی کوریا میں 12 سال بعد باہمی روابط کی بحالی پر اتفاق

Published On 17 March,2023 07:56 pm

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول خاتون اوّل اور اہم وزرا کے ہمراہ جاپان کے دورے پر پہنچ گئے، وزیراعظم فومیو کشیدا سے ملاقات کی ۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان 12 سال بعد اعلیٰ سطح پر رابطہ ہوا ہے۔ اس اہم ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تجارتی پابندیوں میں نرمی اور باہمی روابط کی بحالی پر اتفاق کرتے ہوئے ماضی کو بھول کر مستقبل میں مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جبری مشقت پر پیدا ہونے والے تناؤ کے بعد سے تعلقات منقطع تھے تاہم جنوبی کوریا کے صدر نے منتخب ہونے کے بعد پہلا اعلان یہی کیا تھا کہ ناراض پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کی بحالی پر کام کریں گے۔

جنوبی کوریا کے صدر کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ ایسی نتیجہ خیز بات چیت کے ذریعے تعاون اور باہمی طور پر فائدہ مند ترقی کے رشتے میں تبدیل کر سکتے ہیں۔

جاپان کے وزیراعظم فومیو کشیدا نے کہا کہ فریقین نے جاپان اور جنوبی کوریا کے رہنماؤں کی طرف سے شٹل ڈپلومیسی کو دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے چاہے فارمیٹ کچھ بھی ہو۔
 

Advertisement