چینی شخص نے لاٹری میں سال کی چھٹیاں مع تنخواہ جیت لیں

Published On 16 April,2023 07:30 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک)چین میں ایک کمپنی نے اپنے ملازمین کو سہولت کی فراہمی کے لیے ایک دلچسپ طریقہ اختیار کرتے ہوئے ایک ملازم کو 365 دن (ایک سال) کی چھٹی اور تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

یہ اعلان باقاعدہ ایک تقریب میں کیا گیا جس کی ویڈیو چینی سوشل میڈیا حلقوں میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ اس میں ایک شخص بڑے سے ہال میں کرسی پر بیٹھا ہے اور ایک بہت بڑا بورڈ اس کے پاس ہے جس پر لکھا ہے کہ ’ 365 کی چھٹیاں اور وہ بھی تنخواہ کے ساتھ‘۔ تاہم اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ ماجرا کہاں رونما ہوا ہے؟

تاہم تحقیقات کے بعد معلوم ہوا ہے کہ یہ کمپنی شینزن میں واقع ہے جہاں سالانہ تقریب میں لاٹری کے ذریعے ملازموں کو مختلف انعامات اور پرکشش مراعات دی گئی ہیں ، ان میں کسی کام کے بغیر ایک سال تک چھٹی اور تنخواہ کی پرکشش مراعت بھی شامل تھی۔

کمپنی کے انتظامی عہدے پر موجود ایک خاتون نے کہا کہ کووڈ 19 کی وبا کی وجہ سے کمپنی کوئی باقاعدہ میٹنگ نہ کرسکی اور اب تین سال بعد ملازمین کو مسرور کرنے کے لیے ایک تقریب رکھی گئی ہے۔

اس ضمن میں ریفل لاٹری کے ذریعے کئی تحفے دیئے گئے ہیں تاکہ ملازمین خوش ہوجائیں، ان میں چند روز کی چھٹی مع تنخواہ بھی شامل ہے جبکہ ایک ملازم کو پورے سال کی چھٹی دی گئی ہے جس میں وہ تنخواہ بھی لے سکیں گے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جب ملازم کو 365 دن کی چھٹی اور تنخواہ کا اعلان کیا گیا تو اسے یقین نہیں آیا۔ تاہم اسے چینی ٹک ٹاک (ڈویِن) پر پوسٹ کیا گیا جہاں سے یہ تیزی سے وائرل ہوئی ہے۔