سنسناٹی: (ویب ڈیسک) تحقیق سے ایک ایسی مکڑی کے بارے میں معلوم ہوا ہے جسے بھوک لگے تو اس کا براہ راست اثر اس کی بینائی پر ہوتا ہے، یہ عجیب و غریب مگر خوبصورت مکڑی مسلسل بھوک کی وجہ سے اندھے پن تک جا پہنچتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یونیورسٹی آف سنسناٹی کے ماہرین حیاتیات کا کہنا ہے کہ بولڈ جمپنگ سپائیڈر ایک اعلیٰ معیار کی رنگین بصارت رکھنے والی مکڑی ہے، اس مکڑی کی مرکزی بڑی آنکھیں رنگین اور دائیں بائیں کی چھوٹی آنکھیں بلیک اینڈ وائٹ رنگ دکھاتی ہیں۔
تحقیق کیلئے ’اوپتھیلمواسکوپ‘ نامی آلہ بنایا گیا جسے مکڑیوں اور دیگر حشرات کی بصارت کو جانچنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، اس مخصوص آلے کی مدد سے کیڑے مکوڑوں کی ریٹینا کا بغور مشاہدہ کیا جا سکتا ہے، اسی آلے کی مدد سے دوران تحقیق مکڑی کی بصارت میں کمی کا مشاہدہ کیا گیا۔
ماہرین نے مکڑیوں کو دو گروہوں میں تقسیم کیا اور دونوں گروہوں کی غذاؤں کی مقداد بدل دی، تحقیق سے یہ بات سامنے آئی کہ جن مکڑیوں کو بھوکا رکھا گیا ان کی بصارت تیزی سے ختم ہونے لگی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ غذا کی کمی کے بینائی پر مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگلے مرحلے میں ایسی ہی ایک تحقیق انسانوں پر بھی کی جائے گی۔